خبرنامہ

احسن اقبال کی انتظامیہ کو آپریشن 24 گھنٹے کیلئے موخر کرنے کی ہدایت

احسن اقبال کی انتظامیہ کو آپریشن 24 گھنٹے کیلئے موخر کرنے کی ہدایت
اسلام آباد:(ملت آن لائن) آپریشن سے ایک گھنٹہ پہلے حکومت نے یوٹرن لے لیا۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے انتظامیہ کو آپریشن 24 گھنٹے کے لئے موخر کرنے کی ہدایت کر دی۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد قانونی تقاضا ہے، مذہبی رہنما اور مشائخ کرام اپنا کردار ادا کریں۔ دوسری جانب انتظامیہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلیں، پولیس، رینجرز اور ایف سی کے تازہ دم دستے فیض آباد پہنچ گئے، بکتر بند اور قیدیوں کو لے جانے والی گاڑیاں بھی پہنچائی گئیں۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ ایمبولینسز بھی پہنچا دی گئیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کی درخواست پرڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے رینجرز طلب کر لی۔ امن و امان کی صورتحال بگڑنے پر رینجرز کے 1000 اہلکار پولیس سے تعاون کریں گے۔ رینجرز کو پولیس اور ایف سی کے ہمراہ مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا موثر قانون سازی کے بعد اسلام آباد دھرنا بلا جواز ہے، امید ہے آپریشن کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
آئی 8 اور فیض آباد کے اطراف مقیم لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک کے سفارتخانوں نے بھی اپنے باشندوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی۔ سفارتی عملے اور شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فیض آباد پر پولیس، ایف سی اور رینجرز کے 6 ہزار اہلکار موجود ہیں۔ ایس ایس پی آپریشن ساجد کیانی نے بھی فیض آباد کا دورہ کیا اور آپریشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔