خبرنامہ

اسلام آباد پرسرجیکل اسٹرائیک سے قبل پاناما میں وزیراعظم کا نام دکھائیں

اسلام آباد:( ملت+مانیٹرنگ) مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز اور محمد زبیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان پر شدید تنقید کی۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا تحریک انصاف نے پاناما لیکس سے متعلق سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ایک طرف پٹیشن دوسرے طرف اسلام آباد بند کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ عمران خان نے اداروں کی تضحیک کو معمول بنا لیا ہے۔ چیلنج کرتا ہوں عمران خان قانون بتا دیں جس پر ایف بی آر نے کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا قومی اداروں میں ایماندار اور قابل لوگ کام کر رہے ہیں لیکن اداروں کی روزانہ تضحیک کی جاتی ہے۔ اس موقع پر دانیال عزیز نے کہا آئی سی آئی جے کوخط لکھا تو انہوں نے اپنی غلطی کو درست کیا اور کہا وزیراعظم کا پاناما لیکس میں نام نہیں اور آئی سی آئی جے نے تسلیم کیا ان کی خبر درست نہیں تھی۔ بچوں کے نام کی بجائے نواز شریف کا نام لکھ کر واردات کی گئی۔ انہوں کہا عمران خان اسلام آباد میں سرجیکل اسٹرائیک سے پہلے پاناما لیکس میں وزیراعظم کا نام دکھائیں۔ پی ٹی آئی کے کارکن پہلے آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ دیکھ لیں۔ ویب سائٹ پر آج بھی وزیراعظم کا نام نہیں ہے۔