خبرنامہ

الیکشن ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور

الیکشن ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد(ملت آن لائن)قومی اسمبلی نے الیکشن ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے الیکشن ایکٹ میں مزید ترمیم کو بل 2017 پیش کیا۔ الیکشن ایکٹ میں مزید ترمیمی بل 2017 میں تجویز دی گئی کہ بل کے تحت ختم نبوت کے حوالے سے سیون بی اور سیون سی کی شقیں شامل کی جائیں۔

وزیرقانون زاہد حامد کا کہنا تھا کہ سیون سی اور سیون بی کا اصل مسودہ اب بھی قائم ہے، میں عاشق رسول ہوں اور 2 حج اور کئی عمرے کرچکا ہوں ختم نبوت کے حوالے سے شقوں میں تبدیلی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ زاہد حامد نے کہا کہ2002 کے انتخابات سے قبل حکومت نے الیکشن آرڈر نافذ کیا۔

زاہد حامد کے بیان پر احسن اقبال نے کہا کہ کسی بھی شخص کا ایمان اللہ اور اس کے بندے کا معاملہ ہوتا ہے، کیا ہم گلی گلی جا کر بتائیں کہ ہم مسلمان ہیں۔ جس پر شیخ رشید احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال کو کچھ بھی معلوم نہیں اور وہ اٹھ کر باتیں کرنا شروع ہو گئے، زاہد حامد نے یہ بیان اپنی صوابدید پر دیا ہے، انہیں کسی نے نہیں کہا کہ وہ بیان دیں، اسپیکر صاحب میں آپ کی رولنگ چاہوں گا، ایک وزیر کچھ کہہ رہا ہے جب کہ دوسرا کچھ، اگر کوئی احمدی یا مرزائی ہے تو اسے بتانا ہوگا کہ وہ کون ہے۔ بعد ازاں ایوان نے انتخابات ترمیمی بل 2017 متفقہ طور پر منظور کر لیا۔