خبرنامہ

انتخابی مہم کیلئے تین روز باقی: سیاسی جماعتوں نے آج بھی پنڈال سجالیے

لاہور: سیاسی جماعتوں کے پاس انتخابی مہم چلانے کے لیے تین روز باقی ہے جس کے لیے آج بھی مختلف شہروں میں پارٹیوں کی جانب سے پنڈال سجائے گئے ہیں۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات سے ایک روز قبل سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم ختم ہوجائے گی اس سے قبل جلسوں اور کارنرمیٹنگ اورریلیوں میں تیزی آگئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف آج سوات اور فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے جب کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ملتان اور بہاولپور میں عوامی طاقت دکھائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی میں ایئر پورٹ، اسٹار گیٹ اور گلستان سوسائٹی میں کارکنان کا لہو گرمائیں گے۔

متحدہ مجلس عمل کے صدرمولانا فضل الرحمان ٹانک اور لکی مروت میں جلسے سے خطاب کریں گے اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حیدرآباد کے علاقے پکا قلعہ میں عوام کو ووٹ کے لیے قائل کرے گی۔