خبرنامہ

آئی ایم ایف پروگرام ہمارے لیے حلوہ نہیں، چیلنج ہے: وزیرِ اعظم

نئےصوبوں

آئی ایم ایف پروگرام ہمارے لیے حلوہ نہیں، چیلنج ہے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام ہمارے لیے حلوہ نہیں بلکہ چیلنج ہے۔

انہوں نے لاہور میں یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کی تقریب سے خطاب بھی کیا۔

اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی گئیں، روپے کی قدر میں استحکام کا ریلیف عوام کو دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف سازشوں کو دفن کر دیا گیا ہے، چند دن قبل پاکستان کے خلاف اسرائیل کا بیان آیا تھا، اللّٰہ تعالیٰ نے تمام سازشوں کو نیست و نابود کر دیا۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ملک کی قسمت کے لیے یکسو ہو جائیں تو کوئی راستہ نہیں روک سکتا، بی آر ٹی، مالم جبہ، چینی اسکینڈل اور 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ہمارے زمانے میں تو نہیں ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جس کو بھی آپ عوام آگے لائیں گے ہم تسلیم کریں گے، نواز شریف کو اگر موقع دیا تو وعدہ ہے کہ پاکستان کو ترقی اور خوش حالی کی طرف لے کر جائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک بھی سفارش پر اگر کسی کو لیپ ٹاپ ملا تو قوم سے معافی مانگوں گا، ہر وقت قوم کو دھوکا دینے اور الزامات لگانے سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں سکتی۔

واضح رہے کہ لاہور میں وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت باصلاحیت نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان شرائط پر قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔

خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اس اسکیم میں خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔