خبرنامہ

اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کو شکست دی جسے دنیا تسلیم کرے: وزیراعظم

اپنی سرزمین

اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کو شکست دی جسے دنیا تسلیم کرے: وزیراعظم

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے ہم نے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو شکست دی جسے دنیا تسلیم کرے۔ اسلام آباد میں بین الاقوامی انسداد دہشت گردی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں قربان ہوئیں، ضرب عضب، رد الفساد اور دیگر آپریشن شہروں اور سرحدی قبائلی علاقوں میں کیے گئے، ہم نے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو شکست دی جسے دنیا تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ کوئی نہیں جس کی 2 لاکھ سے زائد فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیا، ہماری فوج، پولیس، سیاسی جماعتوں اور عوام کی کوششوں سےملک آج پرامن ہے، پاکستان نے بے مثال ترقی حاصل کی ہے۔وزیراعظم کا کہناتھا کہ پہلی بار 1800ء علماءنے جہاد کے معنی اور خودکش حملوں پرفتویٰ دیا، پاکستان نے انتہا پسندی کا مقابلہ کیا اور کررہا ہے، چیلنجز اب بھی درپیش ہیں لیکن ہمیں آدھے بھرے گلاس کی طرف دیکھنا چاہیے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہش مند ہے، پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں امن کا خواہش مند نہیں، پاکستان نے پہلی بار افغانستان کی سرحد پر باڑ لگانی شروع کی ہے۔