خبرنامہ

ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید

ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید

راولپنڈی:(ملت آن لائن) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات جاری ہے اور گزشتہ ہفتے بھی بھارتی اشتعال انگیزی میں 65 سالہ خاتون جاں بحق ہوئیں جس پر پاکستان نے قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔ بھارتی سفارت کار کی دفتر خارجہ طلبی، سیزفائر خلاف ورزیوں پر احتجاج پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے کنٹرول لائن پر جنڈروٹ اور کوٹلی سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ اس وقت کی گئی جب وہ لائن آف کنٹرول پر کمیونی کیشن لائن کی مرمت کررہے تھے۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کے جوانوں نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جس سے بھارتی فوج کے 3 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ گزشتہ سال بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 1900 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

……………………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے، وزیراعظم

لاہور (ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فوجی جوانوں نے مادر وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا‘ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے۔ پیر کو وزیراعظم نے ایل اوسی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے مادر وطن کیلئے فوجی جوانوں کی قربانیوں کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ فوجی جوانوں نے مادر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا-