خبرنامہ

ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد

ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد
ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا، نواز شریف پر انکے نمائندے ظافر خان کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی۔

اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور انکے داماد کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ نواز شریف پر انکے نمائندے ظافر خان کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی۔ قبل ازیں مریم نواز اور ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ گواہوں کی فہرست کی کاپی نہیں ملی اور نہ ہی نیب نے والیم 10 کی کاپی دی، لہذا فرد جرم عائد نہ کی جائے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیئے کہ ملزموں کی استدعا مسترد کی جائے، گواہوں کی فہرست دے چکے ہیں، ریفرنس کی کاپی ملزموں کو دیئے 10 روز گزر چکے ہیں۔ جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیل خارج کر دی۔ یہ بھی پڑھیں: سزا پہلے سنا دی گئی، ٹرائل اب ہو رہا ہے: مریم نواز واضح رہے مریم نواز ائر پورٹ سے براہ راست جوڈیشیل کمپلیکس پہنچیں جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پنجاب ہاؤس سے روانہ ہوئے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، شاہنواز رانجھا اور دیگر لیگی رہنما بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سابق مشیر برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی آج احتساب عدالت پہنچے۔ گزشتہ پیشی کے موقع پر ناخوشگوار واقعے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ (ن) لیگ کی خواتین کارکنان کو جوڈیشل کمپلیکس جانے سے روک دیا گیا، آج صرف ان لوگوں کو عدالت میں داخلے کی اجازت ملی جن کے نام فہرست میں درج تھے۔