خبرنامہ

تربیلا اور گدو پاور پلانٹ میں فنی خرابی، پورے ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاون

تربیلا اور گدو پاور پلانٹ میں فنی خرابی، پورے ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈاون

اسلام آباد: (ملت آن لائن) تربیلا، مظفرگڑھ اور گدو پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاون، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے علاقے شدید متاثر ہیں۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق تربیلا، مظفرگڑھ اور گدو پاور اسٹیشن فنی خرابی کے باعث بند ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر علاقے لوڈشڈنگ کی لپیٹ میں ہیں، ترجمان کے مطابق منگلا، غازی بروتھا، تربیلا کو نیشنل گرڈ سے جوڑ دیا گیا ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 12 ہزارمیگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔ ترجمان نیشنل پاور پلانٹ سے بجلی کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا، گذشتہ ایک گھنٹے سے پورے پارلیمنٹ ہاوس کی بجلی بھی بند ہے جبکہ پارلیمنٹ کے کچھ فلورز کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق نیشنل پاور کنٹرول کا عملہ فنی خرابی دور کرنے میں مصروف ہے اورجلد بجلی بحال کر دی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کا واقعہ پہلے بھی رونما ہو چکا ہے، بریک ڈاؤن کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا وزارت کی جانب سے بجلی بحران سے متعلق ترجمان نے بیان دے دیا ہے، بجلی بریک ڈاؤن سے متعلق تفصیلات لے رہا ہوں۔