خبرنامہ

تمام چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔۔ جنرل راحیل شریف

راولپنڈی۔ 29 ستمبر (اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج دنیا میں جنگ کے سب سے زیادہ عملی تجربہ کی حامل مضبوط فوج ہے اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پاک فوج کے جوان جسمانی صحت اور پیشہ وارانہ مہارت کے اعلیٰ معیار سے تمام چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ جمعرات کو ایبٹ آباد میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے چوتھے چیف آف آرمی سٹاف ینگ سولجرز انٹر سنٹرل پیسز چیمپیئن شپ میں نمایاں کارکردگی حاصل کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کرنے کیلئے ایف ایف سنٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ اس چیمپیئن شپ میں پاک فوج کی22 رجمنٹ سنٹرز کے 406 جوانوں نے حصہ لیا۔ سپاہی شیراز خان نے 30 منٹ میں 1214 پش اپس نکال کر پہلی پوزیشن، سپاہی جمشید خان نے 68 چن اپس نکال کر پہلی پوزیشن، اکمل حسن نے 2134 سیٹ اپ نکال کر پہلی پوزیشن اور سپاہی محمد آصف نے فٹنس کے مقابلوں میں 2474 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے چیمپیئن شپ میں حصہ لینے والوں اور انہیں تربیت دینے والے فوجی افسران کی اعلیٰ مہارت کو سراہا۔