خبرنامہ

دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا موثر جواب دیا جائیگا . جنرل راحیل شریف

راولپنڈی ۔ 30 ستمبر (اے پی پی)بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر الرٹ ہے ‘دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا موثر جواب دیا جائیگا ‘منفی پرپیگنڈے کے تحت پاکستان کو دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا۔ وہ جمعہ کولاہور دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے لاہور گیریژن کے قریبی علاقے میں ایک نئے کم بیٹ ری ایکشن ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا ۔ آرمی چیف کو کمبیٹ ری ایکشن ٹریننگ سینٹر میں دی جانے والی تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔فوجی جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے فوجی افسران اور جوانوں کو جنگی تیاریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ جتنے کے لئے تربیت ہی کامیابی کی ضامن ہوتی ہے۔ بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر پاک فوج مکمل الرٹ ہے ۔انہوں نے کہاکہ دشمن کی کسی بھی طرح کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی منفی پرپیگنڈے کے تحت پاکستان پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا ۔قبل ازیں جنرل راحیل شریف نے گریژن اکیڈمی جونیئر کیمپس لاہور کا افتتاح کیا اور سکول میں ہونے والی پہلی اسمبلی میں شریک ہوئے ۔جنرل راحیل شریف 40سال قبل خود اسی ادارے کے طالب علم تھے جہاں انہوں نے1967سے 1972 تک تعلیم حاصل کی۔ اس موقع پر گریثرن ایجوکیشن سسٹم کی فیکلٹی اور افسران بھی موجود تھے ۔ کورکمانڈر لاہور جنرل صادق علی آرمی چیف کے ہمراہ تھے ۔