خبرنامہ

دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید بے نظیربھٹوکی آج دسویں برسی

دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید بے نظیربھٹوکی آج دسویں برسی

سکھر:(ملت آن لائن) دہشت گردوں کے ہاتھوں سابق وزیراعظم شہید بے نظیربھٹوکی آج دسویں برسی منائی جارہی ہے اوراس موقع پرسندھ بھرمیں تعطیل ہے۔ سابق وزیراعظم بے نظیربھٹو 27 دسمبر2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ ختم ہوتے ہی دہشت گردوں کے حملہ میں شہید ہوگئیں تھیں۔ برسی کے موقع پربے نظیربھٹوشہید سے محبت وعقیدت کا اظہارکرنے کیلیے ملک بھرسے انکے چاہنے والے گڑھی خدا بخش پہنچے ہیں اوراپنی قائد کی مغفرت کیلیے قبرپرفاتحہ خوانی کررہے ہيں۔

پیپلزپارٹی کی طرف سے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں ہرسال کی طرح تعزیتی جلسہ کیا جارہا ہے، جس سے پیپلزپارٹی کے قائدین خطاب کریں گے۔ اس موقع پرنوڈیرو ہاوس میں پیپلزپارٹی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں شہید بے نظیربھٹوکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہرطرف پارٹی جھنڈے اور قائدین کی تصاویر نظر آرہی ہیں۔ ملک بھرسے آنے والے قافلوں کیلیے استقبالیہ اور میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہيں، سخت چیکنگ کے بعد کارکنوں کو چھوڑا جارہا ہے جب کہ 6 ہزار900 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

بے نظیربھٹو جلاوطنی ختم کرکے 18 اکتوبر کو وطن واپس آئیں تو ان پرکراچی کی شاہراہ فیصل پرکارسازکے مقام پر قاتلانہ حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں 200 کے قریب کارکن شہید اورکئی زخمی ہوگئے، تاہم بے نظیربھٹو اس خوفناک دہشت گردی میں بال بال بچ گئیں لیکن راولپنڈی کے لیاقت باغ میں کئے جانے والے حملے میں وہ شہید ہوگئیں۔

برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کی جانب سے سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا، جس سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔