خبرنامہ

سانحہ مستونگ و بنوں: آج ملک بھر میں یومِ سوگ، قومی پرچم سرنگوں

سانحہ مستونگ و بنوں: آج ملک بھر میں یومِ سوگ، قومی پرچم سرنگوں
لاہور: (ملت آن لائن ) سانحہ مستونگ اور بنوں پر ملک کی فضا تاحال سوگوار ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے آج یوم سوگ منایا جارہا ہے، قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ نگران وزیراعلی بلوچستان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی مذموم کارروائیوں کو ناکام بنادیں گے۔

سانحہ مستونگ اور بنوں پر آج بھی فضا سوگوار ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے آج یوم سوگ منایا جارہا ہے، قومی پرچم دن بھر سرنگوں رہے گا۔ دوسری طرف دھماکے میں شہید ہونیوالے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کو آبائی علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نگران وزیراعلی بلوچستان نے عہد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی مذموم کارروائیوں کو ناکام بنادیں گے۔ نگران حکومت نے مستونگ دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ اور زخمیوں کیلئے پانچ لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے۔

سانحہ مستونگ اور بنوں پر آج مختلف شہروں میں دہشتگردی کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی۔ کوئٹہ اور مستونگ میں بھی آج تیسرے روز فضا بوجھل ہے، سراوان ہائوس میں شہید سراج رئیسانی کی فاتحہ خوانی جاری ہے۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر کی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے جبکہ سڑکوں پر کالے جھنڈے لگائے گئے ہیں۔ شاہراہیں سنسان، ٹریفک معمول سے کم، کاروباری مراکز بند ہیں۔

ادھر مستونگ میں دہشتگردی کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا، دھماکے کے بیشتر زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جنہیں بہترین طبی امداد مہیا کی جا رہی ہے۔ یاد رہے سراج رئیسانی سمیت 131 افراد دو روز قبل بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش دھماکے میں شہید ہو گئے تھے۔