خبرنامہ

سانحہ 9مئی : پنجاب میں کتنے مرد و خواتین جیل میں ہیں؟ اعداد و شمار آگئے

سانحہ 9مئی : پنجاب میں کتنے مرد و خواتین جیل میں ہیں؟ اعداد و شمار آگئے

پنجاب پولیس نے سانحہ 9 مئی میں دہشت گردی کے درج مقدمات اور خواتین کی گرفتاری سے متعلق اعداد وشمار جاری کردیے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق پنجاب بھر میں کل 1897مرد اور 22 خواتین جیل میں ہیں۔

اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں سانحہ 9 مئی پر دہشت گردی کے 44 مقدمات درج ہوئے، یہ مقدمات لاہور سمیت صوبے کے 5 شہروں میں درج کیے گئے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردی کے مقدمات میں صوبے بھر سے 2 ہزار 138 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں دہشت گردی کے 14 مقدمات درج ہوئے اور 645 ملزمان کو گرفتار کیا گیا،جن میں93 نامزد ملزمان بھی شامل ہیں۔

گوجرانوالہ سے پولیس نے 2 مقدمات میں 173، راولپنڈی سے 14 مقدمات میں438، سرگودھا سے 9 مقدمات میں 670 اور فیصل آبادسے 5 مقدمات میں 212 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق 44 مقدمات میں شناخت پریڈ کے بعد 159 افراد کو رہا کردیا گیا۔

پولیس اعداد و شمار کے مطابق سانحہ 9 مئی کے بعد 2 ماہ میں لاہور سمیت 8 شہروں سے 63 خواتین گرفتار ہوئیں۔

پولیس حکام کے مطابق21 خواتین کو 9مئی واقعات میں ملوث ہونے کے شبہ پر حراست میں لیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 47 خواتین کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، 22 خواتین کو تفتیش مکمل ہونے پر جیل بھیجا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق لاہور سے گرفتار 21 خواتین اور راولپنڈی سے 1 خاتون کو جیل بھیجا۔

اعداد وشمار کے مطابق 8 شہروں سے گرفتار 59 خواتین کو ضمانت پر رہائی ملی، لاہور 31، راولپنڈی کی 11، فیصل آباد کی 8 اور ملتان کی 4 خواتین کو ضمانت پر رہا کیا گیا۔