خبرنامہ

سعودی حکومت کا ایک لاکھ پاکستانیوں کو عمرہ ویزا دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (ملت آن لائن) سعودی عرب نے ایک لاکھ پاکستانی عمرہ زائرین کی اجازت دیدی ۔ رمضان شریف کے باقی دنوں میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی عمرہ کی سعادت حاصل کرینگے ۔ سعودی عرب کے کراچی قونصل خانہ کی طرف سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ بعض تکنیکی بنیادوں پر ایک لاکھ پاکستانی عمرہ زائرین کو ویزے جاری نہیں ہو سکے۔

اگلے 28گھنٹوں میں ایک لاکھ پاسپورٹ پر ویزے جاری کر دیئے جائیں گے ۔ ویزوں میں تاخیر کی وجہ سے مختلف قسم کی افواہیں بھی پھیلائی گئی تھیں جن میں کرپشن کے الزامات کی آوازیں آتی ہیں۔ سعودی قونصل خانہ نے ان تمام الزامات کی تردید کی اور کہا کہ عمرے کے تمام ویزے جلد جاری کئے جائیں گے۔

سعودی قونصل خانہ نے ویزوں کے اجرا میں غیر ضروری تاخیر پر معذرت بھی کی ہے ۔ قونصل خانہ کے ترجمان کا کہنا تھا ویزوں میں تاخیر کی بنیاد پر بعض شر پسند عناصر نے دونوں اسلامی ممالک کے مابین اختلافات کی خلیج پیدا کرنے کی ناکام کوششیں کیں، سعودی عرب کے افسر ہمیشہ اسلامی بھائیوں کی خدمت کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں۔