خبرنامہ

سیاسی طاقت کا مظاہرہ، نوازشریف نے اتحادیوں سے مدد مانگ لی

سیاسی طاقت کا مظاہرہ، نوازشریف نے اتحادیوں سے مدد مانگ لی
اسلام آباد:(ملت آن لائن) ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیراعظم نے موجودہ سیاسی صورتحال اور بحران میں اتحادی جماعتوں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مقتدر حلقوں کو پیغام دیا جائے کہ نوازشریف تنہا نہیں ہیں، مسلم لیگ (ن) ایسے علاقوں میں اتحادیوں سے مدد لے گی جہاں پر اسکی اکثریت نہیں ،اس سلسلہ میں نوازشریف اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقات بھی کریں گے ۔ حکومتی اتحادی جماعتیں نوازشریف کے جلسوں میں اپنا حصہ ڈالیں گی جبکہ جے یو آئی خیبرپختونخوا ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی بلوچستان میں جلسے کرائیں گی جن سے نوازشریف اور اتحادی خطاب کریں گے.

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عدلیہ کے دہرے معیار کے خلاف جدوجہد کو جلد منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف اپنے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت کےلیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ عدالتوں کا دہرا معیار ہے جو جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدالتوں کا دہرا معیار ہے، اس دہرے معیار کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور جلد منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔واضح رہے کہ احتساب عدالت میں گزشتہ سماعت میں پیشی کے بعد نواز شریف نے کہا تھا کہ ججز بغض سے بھرے پڑے ہیں اور ان کا غصہ اور بغض ان کے الفاظ میں ڈھل کر سامنے آگیا ہے جو کہ تاریخ کا سیاہ باب بنے گا۔