خبرنامہ

سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں ترقی و خوشحالی آئے گی: وزیر اعظم نواز شریف

گوادر/پسنی (ملت + آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف نے مغربی روٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے اورگوادر میں تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں ترقی و خوشحالی آئے گی، سی پیک بلوچستان کے لوگوں کی قسمت بدل دے گا،گوادر کی ترقی اور سی پیک ہماری ترجیحات کا اہم حصہ ، اسے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، بلوچستان کے لوگوں کے لئے توانائی ، صحت اور بہتر معیار زندگی کے لئے کوشاں ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں مقامی افراد کو ملازمتوں کے مواقع ترجیح ہیں، حکومت گوادر اور ملحقہ علاقوں میں ڈیموں کی تعمیر اور توسیع کیلئے آئندہ بجٹ میں وافر رقم مختص کرے گی تاکہ پانی کی قلت پر قابوپایاجاسکے،گوادر پورٹ، ایکسپریس وے اور ائیر پورٹ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ہو نگے ، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو قانونی تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔بدھ کو وزیر اعظم نواز شریف کو گوادرآمد پر جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ،وزیر اعظم کو پانی کی فراہمی ، بجلی ، رابطہ سڑکوں اور خصوصی اقتصادی زونز پر بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کے لئے توانائی ، صحت اور بہتر معیار زندگی کے لئے کوشاں ہیں ۔ ترقیاتی منصوبوں میں مقامی افراد کو ملازمتوں کے مواقع ترجیح ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ جلد مکمل کیا جائے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے منصوبوں کیلئے فراہم کردہ سیکیورٹی پر اظہار اطمینان کیا اور مغربی روٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ سی پیک بلوچستان کے لوگوں کی قسمت بدل دے گا۔وزیر اعظم نے گوادر میں تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت گوادر اور ملحقہ علاقوں میں ڈیموں کی تعمیر اور توسیع کیلئے آئندہ بجٹ میں وافر رقم مختص کرے گی تاکہ پانی کی قلت پر قابوپایاجاسکے ۔گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر سجاد بلوچ نے وزیراعظم کو گوادر ماسٹر پلان ، پاک چین اقتصادی راہداری ، تین سومیگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر اور علاقے میں دیگر ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گوادر پورٹ، ایکسپریس وے اور ائیر پورٹ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ہو نگے ۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو قانونی تحفظ فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے قانونی اور انتظامی تقاضے پورے کرے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ، وفاقی وزراء احسن ا قبال، خواجہ سعد رفیق، ریٹائرد لیفٹیننٹ جنرل عبدالقادر بلوچ، میر حاصل خان بزنجو، صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شعیب میر، آئی جی پولیس احسن محبوب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات)، چےئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی، چےئرمین گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شر کت کی۔ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر سجاد حسین نے اجلاس کو گوادر میں پانی کی فراہمی، بجلی، سڑکوں کی تعمیر، حصول اراضیاسپیشل اکنامک زون اور جی ڈی اے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلاًآگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کی بھرپور تائید کرتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے نہ صرف مقررہ وقت پر مکمل ہوں گے بلکہ صوبائی حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان میں انقلابی ترقی آئے گی جس سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی قسمت بدل جائے گی۔ اپنی گفتگو میں وزیر اعظم نے کہاکہ عدالتی فیصلے پر قیاس آرائی اور تبصرہ یا پیش بینی کرنا عدالتی احترام میں خلل ہے ، ہماری تمام تر توجہ تعمیر وترقی کے منصوبوں پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم نے پسنی سے گوادر تک 150کلومیٹر بذریعہ سڑک سفر کیا اور سڑک کی تعمیر کے معیار کی تعریف کی اور کہا کہ گوادر کو ریلوے کے نیٹ ورک سے ملانے کیلئے گوادر سے کوئٹہ تک نئی ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔ گوادر کی ترقی کے لئے 25ارب روپے کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی ہے۔ 52ممالک نے سی پیک میں شامل ہونے کیلئے رابطہ کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر گوادر پہنچے، پسنی ائیرپورٹ پرگورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ، وفاقی وزیرلیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، سینیٹر آغا شہباز درانی، چیف سیکریٹری بلوچستان شعیب میر، آئی جی پولیس احسن محبوب اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا، بعد ازاں وزیراعظم نے پسنی سے گوادر بذریعہ کوسٹل ہائی وے سفر کیا۔ وزیراعلیٰ اور گورنر بھی ان کے ہمراہ گاڑی میں تھے دوران سفر گوادر کی ترقی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے کوسٹل ہائی وے کی تعمیر کے معیار کی تعریف کی اور کہا کہ گوادر کو بذریعہ سڑک دیگر علاقوں سے منسلک کرنے کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی اور سی پیک ان کی ترجیحات کا اہم حصہ ہیں جسے جلد از جلد تکمیل تک پہنچایا جائے گا جس سے پاکستان کو مجموعی طور پر جبکہ بلوچستان کو خصوصی طور پر بے پناہ ترقی ملے گی، وفاقی وزراء بھی وزیر اعظم کے ہمراہ گوادر پہنچے تھے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بدھ کو گوادر میں انتہائی مصروف دن گزارا، جبکہ بدھ کی شب و ہیں قیام کیا اورسی پیک اور گوادر ایئرپورٹ سمیت دیگر اہم منصوبوں کے حوالے سے مشاورتی عمل بھی جاری رکھا ،عمائدین سے بھی ملے ، مختلف اجلاسوں کی صدارت کی اور پاک چین اقتصادی راہداری کے زیر تعمیر منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے نئے ہدایات بھی جاری کیں ۔ وفاقی وزراء لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ ، سینیٹر میر حاصل بزنجو، احسن اقبال ،خواجہ سعد رفیق بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں ، وزیر اعظم نے رات گوادر میں گزاری ان کی بلوچی کھانوں سے تواضع کی گئی اور ان کو گوادر کی کی ثقافت ، تاریخ اورمقامی مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا ، وزیر اعظم نے انتظامیہ کو آبنوشی ، صحت وتعلیم سے متعلق بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کیں، وزیر اعظم گوادر میں موجودگی کے دوران اپنے ساتھیوں سے انتہائی خوشگوار میں گفتگو کر تے رہے اور انہوں نے پیش کیے جانے والے بلوچی کھانوں کی انتہائی تعریف بھی کی ۔ قبل ازیں وزیر اعظم پسنی کے ہوائی اڈے پر پہنچے تو گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری نے ان کا استقبال کیا ۔