خبرنامہ

صدارتی الیکشن: شہباز شریف کی زیر صدارت اے پی سی آج ہوگی

صدارتی الیکشن: شہباز شریف کی زیر صدارت اے پی سی آج ہوگی
اسلام آباد: (ملت آن لائن ) صدارتی الیکشن کیلئے اپوزیشن پھر ایک ہوگئی، مشترکہ اُمیدوار لانے کیلئے آج مری میں شہباز شریف کی زیر صدارت اے پی سی ہوگی، اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کیلئے سیاسی جماعتوں کے رابطے تیز ہو گئے۔

صدارتی انتخاب میں اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے کا معاملہ، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس مری میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر ہو گی۔ شہباز شریف کے زیرِ صدارت اجلاس میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم ایم اے اور اے این پی سمیت دیگر جماعتیں شرکت کریں گی۔

پیپلز پارٹی اپنے امیدوار کے لیے دیگر جماعتوں کو قائل کرنے کی کوشش کرے گی۔ خورشید شاہ کے زیرِ صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں رضا ربانی، اعتزاز احسن، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور شریک ہوئے۔ خورشید شاہ نے مولانا فضل الرحمان، حاصل بزنجو اور محموداچکزئی سے ٹیلیفونک رابطے بھی کئے۔

ادھر مسلم لیگ ن کا متفقہ امیدوار لانے کے لئے ایاز صادق بھی سرگرم ہو گئے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان، خورشید شاہ، اسفند یار ولی اور دیگر سے رابطے کئے۔ پارٹی میں سرتاج عزیز، شاہد خاقان عباسی اور عبدالقادر بلوچ سمیت پانچ نام بطور امیدوار زیرِ غور ہیں۔

پرویز رشید کی جانب سے حمایت کیلئے نواز شریف سے معافی مانگنے کے مشورے کو اعتزاز احسن نے غیر سنجیدہ قرار دیدیا ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس سے پہلے مری میں مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس بھی ہو گا۔