خبرنامہ

فیض آباد دھرنا: وزیراعظم اور آرمی چیف کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق

فیض آباد دھرنا: وزیراعظم اور آرمی چیف کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں دھرنے کی بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر غور کے لئے اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، صوبائی وزارت داخلہ، اسلام آباد و راولپنڈی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران فیض آباد دھرنے کے شرکاء کے خلاف آپریشن کے بعد کی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ معاملے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لئے دھرنا مظاہرین سے مذاکرات دوبارہ شروع کیے جائیں۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خصوصی طور پر اسلام آباد پہنچے اور انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فیض آباد دھرنے سے پیدا صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ملکی موجودہ صورتحال کے باعث آرمی چیف متحدہ عرب امارات کا دورہ مختصر کر کے گزشتہ رات ہی وطن واپس پہنچے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ آج وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کریں گے جس میں فیض آباد دھرنے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔