خبرنامہ

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے

لاہور(ملت آن لائن) سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شریک ہونے کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جا چکا ہے۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے جاتی امرا سے اڈیالہ جیل روانگی کے وقت والدہ سے ملاقات کی، والدہ کو الوداع کہتے ہوئے ماحول افسردہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق، والدہ نے میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو دعائیں دیں۔ والدہ نے بیٹے کو تسلی دیتے ہوئے کہا ہمت نہیں ہارنا یہ اللہ کی آزمائش ہے۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا ماں جی گھبرانا نہیں مشکل وقت ہے جلد گزر جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے شہباز شریف کو والدہ کا خیال رکھنے کی خصوصی ہدایت کی۔

یاد رہے 11 ستمبر کی رات گئے تینوں ملزموں کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد صوبائی کابینہ نے پیرول کی مدت میں آج دوپہر تک توسیع کر دی تھی۔ سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے محکمہ داخلہ پنجاب کو نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پیرول پر 5 دن کیلئے رہا کرنے کی درخواست دی تھی۔