خبرنامہ

نومنتخب وزیراعظم عمران خان کچھ دیر بعد حلف اٹھائیں گے، مہمانوں کی آمد جاری

نومنتخب وزیراعظم عمران خان کچھ دیر بعد حلف اٹھائیں گے، مہمانوں کی آمد جاری
اسلام آباد: (ملت آن لائن) نومنتخب وزیراعظم عمران خان کچھ دیر بعد حلف اٹھائیں گے، صدر مملکت ممنون حسین، عمران خان سے حلف لیں گے۔ ایوان صدر میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد عمران خان باضابطہ طور پر وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔

عمران خان کی بطور وزیراعظم حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے تحریک انصاف کے اہم رہنما جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیریں مزاری، عمران اسماعیل، فردوش عاشق اعوان سمیت دیگر موجود ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی عوام کی امنگوں پر پورا نہیں اتریں، میرا نظریہ تھا عمران خان کا ساتھ دو اور تبدیلی قافلے میں شامل ہوجاؤں۔ انہوں نے کہا ملک میں تبدیلی آئی اور عمران خان آج وزیراعظم پاکستان بن گئے ہیں، ہمیشہ کہا عمران خان کا نائب کپتان ہوں، کابینہ آج حلف نہیں لے گی، آج وزیراعظم حلف لیں گے، وہ جانتے ہیں نائب کپتان کو کیا کردار دینا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج میرے تاثرت زبان پر نہیں آرہے، مجھے اتنی خوشی ہے، اللہ تعالیٰ اس ملک کو ترقی دے۔ انہوں نے کہا ہم ملک کی ترقی کیلئے انتھک محنت کریں گے، پورے ملک میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، ہماری نیت صاف ہے اور محنت کرنے کا ارادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا میں 21 اگست کو ملک سے باہر جا رہا ہوں، اب گھر بیٹھوں گا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی بھی تقریب میں شریک ہوئے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا عمران خان کی سوچ بھی ہے، وژن بھی ہے اور عملدرآمد بھی کریں گے، امید ہے عمران خان قوم سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا ہماری دعائیں عمران خان کے ساتھ ہیں، ہم نے قانون سازی کیلئے پرامن ماحول دینا ہے۔