خبرنامہ

وزیراعظم کی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سے 2 گھنٹے طویل ملاقات

وزیراعظم کی سپریم کورٹ

وزیراعظم کی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سے 2 گھنٹے طویل ملاقات

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے درمیان سپریم کورٹ میں تقریباً 2 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔ ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق شاہد خاقان عباسی اور جسٹس ثاقب نثار کی ملاقات سپریم کورٹ بلڈنگ میں چیف جسٹس کے چیمبر میں ہوئی۔ ملاقات میں آئینی اداروں کے درمیان بہتر رابطوں، آئندہ عام انتخابات، حلقہ بندیوں اور نگراں سیٹ اپ سمیت دیگر آئینی و قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف کے کیسز سمیت کسی بھی مقدمے کے حوالے سے ملاقات کے دوران گفتگو نہیں ہوئی۔ ملاقات میں حکومتی انتظامی اور گورننس کے امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم بغیر پروٹوکول کے سپریم کورٹ پہنچے ہیں جہاں ان کی چیف جسٹس سے ون آن ون ملاقات ہوئی جو ایک گھنٹے 55 منٹ تک جاری رہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگئے، ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان وزیراعظم کوگاڑی تک چھوڑنے گئے۔ سپریم کورٹ سے وزیراعظم کی روانگی کے بعد سپریم کورٹ سے خصوصی سیکیورٹی اہلکار بھی چلے گئے۔ قبل ازیں سپریم کورٹ آمد پر چیف جسٹس نے ججز گیٹ پر خود وزیراعظم کا استقبال کیا تھا۔ ملاقات کے دوران ججز بلاک کی جانب جانے والے راستے بلاک کردیے گئے تھے جبکہ سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے تھےتاحال یہ واضح نہیں کہ یہ ملاقات کس سلسلے میں ہورہی ہے۔