خبرنامہ

وزیراعظم کی نااہلی کا ریفرنس مسترد، عمران کا الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا گیا

ملت نیوز….قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، پاکستان تحریک انصاف اور سابق ایم این اے عمر فاروق کی جانب سے دائر تمام ریفرنس مسترد کر دیئے ہیں جب کہ اسپیکر نے محمود خان اچکزئی کی نا اہلی سے متعلق ریفرنس بھی مسترد کردیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز اور طلال چوہدری کی جانب سےعمران خان کی نا اہلی سے متعلق دائر کیا گیا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا جب کہ جہانگیرترین کی بھی نااہلی سے متعلق ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوادیا گیا۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جو درخواستیں فائل ہوئیں ان کے کاغذات دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے، 8 ریفرنسز کے کاغذات دیکھ کر فیصلہ کیا گیا، 2 ریفرنسز میں نااہلی کا سوال پیدا ہوتا ہے اس لیے جن درخواستوں پر لگا کہ نااہلی کا سوال پیدا ہوتا ہے وہ الیکشن کمیشن کو بھجوادیں اور جن پر ایسا نہیں لگا انہیں مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جج نہیں ہوں، جو کاغذات درخواستوں میں لگائے گئے انہی پر فیصلہ کرتے ہوئے دیگر ریفرنس بھی الیکشن کمیشن بھجوادیئے ہیں جن پر رولنگ کے بعد کمیشن نے 90 روز میں فیصلہ کرنا ہے۔
دریں اثنا ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن فدا محمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف 4 ریفرنس دائر کئے گئے جس میں سے 2 تحریک انصاف، ایک شیخ رشید اور ایک سابق ممبر قومی اسمبلی سردارعمر فاروق کی جانب سے دائر کیا گیا۔ فدا محمد کے مطابق عمران خان کی نااہلی کے لیے بھی ایک ریفرنس موصول ہوا۔ اس کے علاوہ جہانگیر ترین اور محمود اچکزئی کے خلاف بھی ایک ریفرنس دائر کیا گیا۔