خبرنامہ

وزیراعظم کی کراچی آمد، گورنر و وزیراعلی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

وزیراعظم کی کراچی آمد، گورنر و وزیراعلی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری
کراچی: (ملت آن لائن) عمران خان وزرات عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد آج پہلی بار کراچی پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم کا گورنر و وزیراعلی سندھ نے ائیرپورٹ پر استقبال کیا، عمران خان نے مزار قائد پر حاضری دی. وزیراعظم کا کراچی میں‌آج مصروف دن گزرے گا، ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے. گورنر و وزیرعلی سندھ سمیت سیاسی شخصیات کے علاوہ ایم کیوایم پاکستان کا وفد بھی ان سے ملاقات کرے گا- صنعتکاروں کے خصوصی وفد سے ملاقات کے علاوہ دیگر مصروفیات بھی وزیراعظم کے شیڈول میں شامل ہیں.

وزارت عظمیٰ کا بڑا عہدہ سنبھالنے کے 28 دن بعد سب سے بڑے شہر کا پہلا دورہ، عمران خان آج کراچی پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ پڑھی اور پھول چڑھائے، اس موقع پر گورنر عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ وزیراعظم کے ہمراہ تھے، بعد ازاں وزیراعظم نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح اور قائد ملت لیاقت علی خان کے مزارات پر بھی فاتحہ پڑھی اور پھول چڑھائے۔

شیڈول کے مطابق کپتان وفاقی حکومت کے فنڈز سے چلنے والے منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں گرین لائن، کے فور سمیت دیگر منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بات چیت ہو گی اور وزیراعظم کی جانب سے دو ڈی سیلی نیشن پلانٹ لگانے اور کچرا اٹھانے کیلئے گاڑیاں دینے کا اعلان بھی متوقع ہے۔

گورنر ہاؤس سندھ میں ڈیم فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کے علاوہ وزیراعظم صنعتکاروں کے خصوصی وفد سے بھی ملاقات کریں گے۔ گورنر، وزیراعلیٰ سندھ اور سیاسی رہنماؤں کے علاوہ خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔ایم کیو ایم کے وفد سے شام 4 بجے ملاقات متوقع ہے۔