خبرنامہ

پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں‘ مشکل وقت میں دونوں ملکوں کے عوام نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے‘ علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ملکوں کے مفادات مشترکہ ہیں‘ حکومت حج سہولتوں کی بہتری پر توجہ دے رہی ہے۔ جمعہ کو سعودی عرب کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر وائس ایڈمرل (ر) خان حشام سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ملکوں کے مفادات مشترکہ ہیں۔ مشکل وقت میں دونوں ملکوں کے عوام نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کا سعودی عرب کے ساتھ گہرا جذباتی لگاؤ ہے۔ حکومت حج سہولتوں کی بہتری پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ سال حج انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔ وزیراعظم نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ رواں سال حج کے دوران عازمین حج کو زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی قونصلر خدمات تک رسائی کو آسان بنایا جائے۔ نامزد سفیر پاکستانیوں سے مستقل رابطے اور ان کے مسائل فوری حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد اپنا روزگار حاصل کررہی ہے۔ سعودی عرب ممیں روزگار کمانے والوں کو ہر لحاظ سے سہولت فراہم کی جائے۔ نامزد سفیر پاکستانیوں کی بہبود کے لئے پورے عزم سے کام کریں۔ نامزد سفیر پاکستانیوں کے بچوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دیں۔