خبرنامہ

پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی دے دی

پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی دے دی
اسلام آباد(ملت آن لائن)پاکستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی دے دی۔

بھارتی جاسوس سے ملاقات کے لیے ان کی اہلیہ اور والدہ کل پاکستان پہنچیں گی جبکہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بھارت ہماری جگہ ہوتا تو ہمیں یہ رعایت نہیں دیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کو بیوی اور والدہ سے ملاقات کی اجازت صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی، جبکہ انہیں قونصلررسائی بھی دی جائے گی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت میں کلبھوشن کے حوالے سے کیس جاری ہے، ہمیں ملاقات کرانےکا مشورہ بھی دیاگیا، نہیں چاہتے کہ ملاقات کے معاملے میں ہمارے کیس میں کوئی کمزوری آئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کلبھوشن کی رحم کی اپیل اپنے مفادات، سیکیورٹی کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرسکتے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے کلبھوشن کی اس کے والد اور والدہ سے ملاقات کرانے کا کہا تھا لیکن کلبھوشن نے کہا وہ اپنی اہلیہ سے ملنا چاہتا ہے اور پاکستان نے اس کی خواہش پوری کی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق کلبھوشن کی بیوی اور والدہ سے متوقع ملاقات کا دورانیہ 15 منٹ سے ایک گھنٹے تک ہو سکتا ہے اور یہ ملاقات دفتر خارجہ میں رکھی گئی ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں، اگر کچھ چھپانا ہوتا تو بھارتی میڈیا کو کوریج کی پیشکش نہ کی جاتی جب کہ دفتر خارجہ ملاقات کی تصاویر اور ویڈیو بھی جاری کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ بھارت نے کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کی پاکستان آمد کی تصدیق کردی ہے۔