خبرنامہ

پاکستان کے پاس سرجیکل سٹرائیک کی صلاحیت موجود ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی کی تفصیل دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد نوجوان نسل کے ہاتھ میں آگئی ہے۔ چند گھنٹوں میں بھارت کی جانب سے اڑی واقعہ کا الزام پاکستان پر لگانا سراسر ناقابل فہم ہے اس کی ابتدائی تحقیقات ہونا ضروری تھا ۔ ان کا مزید کہنا تھا یہ ممکن نہیں کہ چندگھنٹوں میں بھارت نتیجہ اخذ کر لے کہ حملہ سرحد پار سے ہوا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا بھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوٰی کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان میں بھی سرجیکل اسٹرائیک کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ بھارت نے یہ دعوٰی اپنے اندرونی عوامی پریشر کی وجہ سے کیا تاکہ وہ عوام کو مطمئن کر سکے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، پاک بھارت کشیدگی کا جائزہ اور وزیراعظم نواز شریف نے حکومتی اقدامات پر وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیا ۔ وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اپنی توانائیاں عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں، غربت ،بیروزگاری کا خاتمہ اور عوامی ترقی کی منزل کا حصول عزم ہے جس کیلئے ہم سرگرم ہیں۔ ان مقاصد کے حصول کیلئے ہم امن چاہتے ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کیلئے قوم کا بچہ بچہ تیار ہے۔ مادر وطن کے تحفظ کیلئے پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے کسی کو پاک سرزمین پر میلی نگاہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتے ۔ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں جاری اندھا دھند بربریت اور جارحیت ناقابل قبول ہے ۔ وفاقی کابینہ نے بھارت کا سرجیکل سٹرائیکس کا دعویٰ مسترد کر دیا ۔ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کی گئی اور شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے بیانات پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا ثبوت ، اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں ۔ کابینہ نے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ فیکٹ فائنڈنگ مشن بھجوانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ اجلاس میں شہید جوانوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ سیکرٹری خارجہ نے پاک بھارت سرحدی صورتحال پر بھی بریفنگ دی جب کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے سرحدی سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفاقی کابینہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ایل او سی پر جارحیت پر مذمت اور تشویش کا اظہار کیا ۔