خبرنامہ

کسی ادارے سے کچھ لینا دینا نہیں، سارا معاملہ ہی کالا لگتا ہے: نواز شریف

کسی ادارے سے کچھ لینا دینا نہیں، سارا معاملہ ہی کالا لگتا ہے: نواز شریف

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کسی ادارے سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، سارا معاملہ ہی کالا لگتا ہے۔ احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور سینیٹر پرویز رشید نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کارکردگی کے باوجود نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی جاتی ہے، میرا تو کسی ادارے سے کچھ لینا دینا نہیں ہے اور یہ سارا معاملہ ہی کالا لگتا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ میاں صاحب نے اپنے تمام وعدے پورے کیے اور وعدے پورے کرنے پر وہ آج عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 2013 کے الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ کھیلوں کے میدان آباد کریں گے، روزگار فراہم کیا جائے گا اور خوشحالی لائیں گے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے بھی گفتگو کی جو نیب ریفرنسز میں بھی نامزد ہیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شیخ رشید نے آئین توڑنے کا مشورہ دیا، جو شخص آئین توڑنے کا عندیہ دے کیا وہ پاکستانی ہے، ان کے بیان پر سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کی درخواست کریں گے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے اعلیٰ عدالت سے اپیل کی کہ شیخ رشید کے بیان پر ازخود نوٹس لیا جائے، شیخ رشید نے کس کی ایماء پر آئین توڑنے کی بات کی ہے۔