خبرنامہ

کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف پارلیمنٹ میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد: ملت+آئی این پی۔۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ریاستی تشدد کی انتہا کردی ہے ، بھارت کے حالیہ تشدد سے 110افراد شہید ہوئے ہیں، ہم بھارت کی جانب سےکشمیرکواٹوٹ انگ کہنےکی تردید کرتے ہیں۔
اس موقع پر سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے، کشمیر کے معاملے پر پوری قوم یکجان ہے، بھارت لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کررہاہے، عالمی برداری بھارتی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوائے، یہ ایوان اڑی حملےمیں پاکستان کوملوث کرنےکےالزام کی مذمت کرتا ہے، پاکستان اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کےمطابق کشمیریوں کےحقوق کوتسلیم کرتا ہے۔