خبرنامہ

من گھڑت خبر فیڈ کیا جانا قومی سلامتی کے منافی ہے، کور کمانڈرز کا اظہار تشویش

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی مجموعی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس نے بھارت کے سرجیکل سٹرائیکس کے بے بنیاد دعوے مسترد کر دیا ہے۔ کانفرنس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارتی دعوے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے کئے جا رہے ہیں۔ کور کمانڈرز نے قومی سلامتی کے منافی غلط اور بے بنیاد خبر فیڈ کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور اسے نیشنل سیکیورٹی کے خلاف قرار دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ جھوٹی اور من گھڑت خبر فیڈ کیا جانا قومی سلامتی کے امور میں رخنہ اندازی ہے۔ اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کو درپیش ہر خطرے کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔ کسی بھی مہم جوئی اور غیر ذمہ دارانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔