خبرنامہ

ہم سب کی پہچان، امن کا نشان، ہمارا پاکستان، پوری قوم 23 مارچ منانے کے لیے بےحد پر جوش

لاہور: (ملت آن لائن) وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہو گا، اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ اور فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

پوری قوم آج 78 واں یومِ پاکستان قومی جوش و جذبے کیساتھ منائے گی۔ دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہو گا۔ اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ کی مرکزی تقریب ہو گی جس میں صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام شریک ہوں گے۔

78 ویں یومِ پاکستان کی تقریبات کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہو گا۔ یومِ پاکستان کی پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے حصہ لیں گے۔

مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ تقریب میں صدرِ مملکت ممنون حسین مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزراء ، غیر ملکی سفارت کار اور اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔

تینوں مسلح افواج کے سپیشل سروسز گروپ اور خواتین کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے۔ بوائز سکاؤٹس، گرلز گائیڈ، پنجاب رینجرز اور سندھ رینجرز، ایف سی خیبر پختونخوا، پاکستان آرمی سنگل اور انجنئرنگ کے دستے بھی پریڈ میں شریک ہوں گے۔

انفنٹری کی مختلف رجمنٹس کے دستے، مکینائزڈ انفنٹری، آرمڈ کور، ایس پی ڈی کے تحت مختلف رینج کے میزائل بھی پریڈ میں شامل ہوں گے۔ آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے کوبرا، ایم ائی سیونٹین پیونکن ہیلی کاپٹرز پر مشتمل دستے بھی تین سو فٹ کی بلندی پر فلائی مارچ پاسٹ کریں گے۔

پاکستان آرمی، نیوی اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز 10 ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ کریں گے۔ پاک فضائیہ کے نئے سربراہ فلائی مارچ پاسٹ کی قیادت کریں گے۔

آرمی ائیر ڈیفنس کا دستہ بھی پریڈ کا حصہ ہو گا۔ فلائی پاسٹ میں ایف 16، جے ایف 17، میراج اور پاک بحریہ کے جاسوس اور نگرانی کرنے والے طیارے شریک ہوں گے۔ پاک فضائیہ کی شیر دل فارمیشن بھی فضائی کرتب کا مظاہرہ کرے گی۔ میزائل دستوں میں غزنوی، ابدالی، نصر اور کروز میزائل بھی شامل ہوں گے۔