Quran | Hadith | Seerat | Columns  | Newspapers  |  Photos   |E-Library |

عمران خان کی پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان جاری تنازعہ کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش


Monday, 02 July 2012   21:23:38

 عمران خان کی پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان جاری تنازعہ کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش
 اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے پنجاب میں ینگ ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان جاری تنازعہ کے حل کے لئے اپنی ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے اس معاملہ کو دانشمندی سے حل کرنے کی کوشش نہیں کی، مسلم لیگ (ن) ہمارے ڈر سے اپوزیشن کرنے پر مجبور ہوئی ہے، تحریک انصاف کے تمام رہنماﺅں کے اثاثے آئندہ چند دن میں ظاہرکردیں گے، شیخ رشید کی دعوت قبول کرتے ہوئے 13اگست کو ان کے جلسے میں شرکت کروں گا۔ وہ پیر کو تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ملتان سے رہنما اور سابق صوبائی وزیر سعید حامد قریشی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی، شعبہ خواتین کی صدر فوزیہ قصوری، سابق وزیرمملکت داخلہ شہزاد وسیم اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عمران خان نے کہاکہ پنجاب میں ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے عوام الناس کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، پانچویں دفعہ پنجاب میں حکومت حاصل کرنے والی مسلم لیگ (ن) اس مسئلہ کو دانشمندی سے حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ڈاکٹروں کا مقدس پیشہ ہے اور انہیں بھی عوام الناس کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے۔ میں اس تنازعہ کے حل کے لئے اپنی ثالثی کی پیشکش کرتاہوں۔ عوام پہلے ہی کئی مسائل اور مشکلات کا شکار ہے ، ڈاکٹروں کی ہڑتال نے ایک اور مسئلہ سے ان کو دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ بریکر نے اپنی کتاب میں نواز شریف پر 418ملین ڈالر کا الزام لگایا ہے، اگر یہ الزام غلط ہے تو نواز شریف کتاب لکھنے والے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں۔ چئیرمین تحریک انصاف نے کہاکہ جماعتی انتخابات کے لئے انتخابی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں، ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ اتنا شفاف جماعتی انتخاب ہوگا اور تمام عہدے دار انتخاب میں منتخب ہوکر سامنے آئیں گے۔ تحریک انصاف کے تقریبا نصف عہدیداروں کے گوشوارے ظاہر ہوچکے ہیں اور دیگر کے بھی آئندہ چند دنوں میں ظاہر کردیں گے۔