|
| آزاد حکومت بے گھر افراد کو پلاٹ فراہم، 150 میگا واٹ بجلی کے منصوبوں کا آغاز کریگی، میرپور ایئرپورٹ پر کام جلد شروع کرائیں گے، راولاکوٹ میں میڈ |
Monday, 02 July 2012 21:24:09
آزاد حکومت بے گھر افراد کو پلاٹ فراہم، 150 میگا واٹ بجلی کے منصوبوں کا آغاز کریگی، میرپور ایئرپورٹ پر کام جلد شروع کرائیں گے، راولاکوٹ میں میڈیکل کالج جبکہ کوٹلی میں آئی ٹی یونیورسٹی کا کیمپس تعمیر کرینگے، صنعت و سیاحت کے شعبوں کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرینگے۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید میرپور ۔ 2 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ ان کی حکومت تمام بے گھر خاندانوں کو سات مرلے کے پلاٹ فراہم اور 15 سو میگا واٹ بجلی کی پیداوار کیلئے نئے ہائیڈرل پاور پراجیکٹس کا آغاز کریگی۔ انڈسٹری اور سیاحت کے شعبوں کی بحالی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے جن میں بیرونی سرمایہ کاری سے اقتصادی ترقی اور خوشحالی آئیگی۔ برطانیہ میں کشمیری تارکین وطن کی سہولت کیلئے 17 ارب روپے کے میرپور ایئر پورٹ پر کام کا آغاز بھی جلد کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز اپنے میرپور کیمپ آفس میں اعلی ریاستی افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نئے میگا پراجیکٹس کے ذریعے سوشو اکنامک سیکٹر میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے، خصوصاً بے گھر خاندانکوں کو پلاٹوں کی فراہمی اور بجلی کی پیداوار کے منصوبوں سے یہاں کی اقتصادی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں پر ہائیڈرو الیکٹرک بورڈ نئے مالی سال کے آغاز میں کام شروع کر دیگا، جن میں 936 میگا واٹ کا نیلم جہلم ہائیڈرل پاور پراجیکٹ اور جڑی کس پاور پراجیکٹ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تارکین وطن کی براہ راست آمد و رفت کیلئے 17 ارب روپ ےکی لاگت سے میرپور ایئرپورٹ کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی، جس کے باعث خطے میں بیرونی سرمایہ کاروں کو رسائی میں آسانی ہوگی اور علاقے میں سرمایہ کاری اور خوشحالی کے نئے راستے کھلیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صنعت و سیاحت کے شعبے اس وقت جمود کا شکار ہیں جن کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں خطے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کو تمام ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میڈیکل کالج اور کوٹلی میں آئی ٹی یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کی منظوری دیدی گئی ہے، ان دونوں منصوبوں پر بھی نئے مالی سال میں کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ گزشتہ 11 ماہ کے دوران اپنی حکومت کی کامیابیوں کے حوالے سے چوہدری عبدالمجید کا کہنا تھا کہ انہوں نے میرپور اور مظفر آباد کے مقام پر 2 میڈیکل کالجز دیئے جہاں داخلوں اور دیگر معاملات میں 100 فیصد میرٹ کا خیال رکھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ منگلا ڈیم اپ ریزنگ پراجیکٹ کے متاثرین کوب لا معاوضہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ کر دی گئی ہے جن کو میرپور شہر اور اس کی دیگر تحصیلوں سیاخ، اسلام گڑھ، چکسواری اور ڈڈیال میں پلاٹ الاٹ کئے گئے ہیں، یہ منصوبہ بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
|
 |
|