Quran | Hadith | Seerat | Columns  | Newspapers  |  Photos   |E-Library |

کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں آزاد کشمیر میں بہت زیادہ کام ہوا ہے، صدر مملکت آصف علی زرد


Tuesday, 03 July 2012   04:53:47

کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں آزاد کشمیر میں بہت زیادہ کام ہوا ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے کشمیریوں کو بین الاقوامی ایئرپورٹ، میڈیکل کالج اور تین جامعات دی ہیں، پاکستان کی ہر سیاسی جماعت ایک ہی نقطہ پر متفق ہیں کہ وہ آزادی کشمیر کے حق میں ہے۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب کا کراچی پریس کلب میں ”میٹ دی پریس“ سے خطاب
 کراچی ۔ 2 جولائی (اے پی پی) صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں آزاد کشمیر میں بہت زیادہ کام ہوا ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے کشمیریوں کو بین الاقوامی ایئرپورٹ، میڈیکل کالج اور تین جامعات دی ہیں، پاکستان کی ہر سیاسی جماعت ایک ہی نقطہ پر متفق ہیں کہ وہ آزادی کشمیر کے حق میں ہے، آزادی کے بعد کشمیری فیصلہ کریں گے کہ انہیں کس کے ساتھ رہنا ہے، نجی شعبہ تعاون کرے تو چھوٹے چھوٹے ڈیم بنا کر پاکستان سے بجلی کا بحران ختم کر دیں گے، کراچی پریس کلب پاکستان کا سب سے معتبر اور بڑا جمہوری ادارہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں ” میٹ دی پریس“ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب طاہر حسن خان اور سیکریٹری کلب موسیٰ کلیم نے بھی خطاب کیا۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے مزید کہا کہ کراچی میرا شہر ہے جہاں میں نے تعلیم حاصل کی ہے اور سیاست مین بھی حصہ لیتا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بھی دنیا بھر کے کشمیریوں کی سوچ وہی ہے جو کہ تحریک آزادی کشمیر کے ابتدائی دنوں میں تھی۔ سردار محمد یعقوب نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل تحریک پاکستان کے وقت ہی سری نگر میں ایک قرار داد کے ذریعے کشمیریوں نے یہ فیصلہ دے دیا تھا کہ کشمیریوں کو پاکستان کے ساتھ رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی پر امن تحریک آزادی میں متحد اور منظم ہو کر جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اس دوران ہمارے دو لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے اس کے باوجود کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کشمیر کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر وزارت خارجہ پاکستان سے مکمل رابطے میں ہیں اور پر امید ہیں کہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہی پاک بھارت مزاکرات ہوں گے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان میں تمام قومیں صرف پاکستانی بن کر سوچیں تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے، پاکستان کی میڈیا نے ہمیشہ کمشیریوں کے جائز حقوق پر آواز بلند کی ہے اور پاکستانی قوم نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے جس میں قابل قدر ذکر زلزلے میں آنے والی تباہی میں ایک قوم بن کر جس طرح کشمیریوں کی مدد کی گئی تھی اس کی مثال دنیا میں کہی نہیں ملتی ہے۔ سردار یعقوب نے کہا کہ دنیا میں جمہوریت سے ہی ممالک ترقی کرتے ہیں پاکستان میں بھی جمہوریت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے، موجودہ جمہوری حکومت نے کشمیریوں کو بہت کچھ دیا ہے اور وہ کام جو کہ گزشتہ 64 برسوں میں نہیں کئے گئے تھے وہ ان چھ سے سات ماہ کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری کی کاوشوں سے پورے ہوئے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ میر پورخاص میں بین الاقوامی ایئر پورٹ بنایا جا رہا ہے، آزاد کشمیر میں ایک میڈیکل کالج اور تین جامعات صدر مملکت آصف علی زرداری کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ سردار محمد یعقوب نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھا ہے، سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے جب گلگت بلتستان کے ہر گھر میں کشمیر کا پرچم لہرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کشمیر کے مسئلہ پر جو بھی مزاکرات ہوں ان میں کشمیریوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے کراچی پریس کلب کیلئے دو لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔ صدر کراچی پریس کلب طاہر حسن خان نے آزاد کشمیر کے صدر کو کلب کا دورہ کرنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستانیوں کے دلوں میں رہتے ہیں ان کے جو بھی مسائل ہوتے ہیں پاکستانی میڈیا انہیں سب سے زیادہ اجاگر کرتے ہیں۔ طاہر حسن خان نے کہا کہ کشمیر کاز کو اگر کوئی نقصان پہنچے گا تو وہ نقصان پاکستان کا تصور کیا جائے گا، کشمیریوں کی تحریک آزادی میں صحافت کا ہر فرد ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر کو کراچی پریس کلب کی جانب سے اجرک کا تحفہ اور شیلڈ پیش کی گئی۔