|
| پاکستانی وفد سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کی قیادت میں مذاکرات کیلئے بھارت پہنچ گیا |
Wednesday, 04 July 2012 19:05:55
پاکستانی وفد سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کی قیادت میں مذاکرات کیلئے بھارت پہنچ گیا نئی دہلی ۔ 3 جولائی (اے پی پی) پاکستانی وفد سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کی قیادت میں مذاکرات کیلئے بھارت پہنچ گیا۔ سیکرٹری خارجہ 4 اور 5 جولائی کو اپنے بھارتی ہم منصب رانجن مٹھائی سے مذاکرات کریں گے۔ نئی دہلی ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ میں پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے بھارتی عوام اور حکومت کیلئے امن و استحکام اور نیک خواہشات کا پیغام لے کر آیا ہوں، میں اپنے بھارتی ہم منصب رانجن مٹھائی سے تعمیری مذاکرات کا خواہشمند ہوں، میری قیادت نے مجھے امن عمل کو آگے لے کر جانے کا مینڈیٹ دیا ہے۔ جلیل عباس جیلانی کا ایئرپورٹ پر استقبال پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر اور ہائی کمیشن کے دیگر حکام کے علاوہ بھارت کی وزارت خارجہ کے جائنٹ سیکرٹری وائی کے سنہا نے کیا۔ وزارت خارجہ نے عندیہ دیا ہے کہ خارجہ سیکرٹریز سطح کے دو روزہ مذاکرات کے دوران امن و سلامتی سمیت سی بی ایم ایس جموں و کشمیر اور دوستانہ تبادلوں پر بات ہو گی۔ سیکرٹری خارجہ کے دورہ بھارت کے دوران دوطرفہ مذاکرات سے دونوں خارجہ سیکرٹریز کو دوطرفہ معاملات پر اپنا اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
|
 |
|