Quran | Hadith | Seerat | Columns  | Newspapers  |  Photos   |E-Library |

نجی شعبہ ترقی کا محرک ہے ، معیشت میں قائدانہ کردارادا کرے، ملک میں لوڈشیڈنگ جلد ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، تھرکول منصوبے کی تکمیل کیلئے پر


Monday, 09 July 2012   12:50:50

نجی شعبہ ترقی کا محرک ہے ، معیشت میں قائدانہ کردارادا کرے، ملک میں لوڈشیڈنگ جلد ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، تھرکول منصوبے کی تکمیل کیلئے پر عزم ہیں ۔وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کی اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے بات چیت
 اسلام آباد ۔ 8 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ نجی شعبہ ترقی کا محرک ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ نجی شعبہ معیشت میں قائدانہ کردار ادا کرے، ملک میں لوڈشیڈنگ جلد از جلد ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، تھرکول منصوبے کی تکمیل کیلئے پر عزم ہیں، حکومت سماجی انصاف کے تقاضوں کے اندر معیشت کےلئے سازگار فضاءفراہم کرنے کے لئے صرف پالیسی فراہم کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میںاسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر اسد فرید کررہے تھے جس میں نائب صدر شنواری ، طارق صادق، سابق صدر منور مغل، عبدالرﺅف ، محمد ناصر خان، ملک زبیر احمد، سابق صدر اعجاز عباسی، زاہد مقبول، چوہدری مذمل صابر، سابق سینئر نائب صدر شایان خالد ،خالد ملک، ایگزیکٹیو ارکان ظفر بختاوری، چوہدری خالد محمود، ممبر امین الرحمن اور خالد جاوید شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری صنعت عزیز احمد بلور، سیکرٹری پٹرولیم محمد اعجاز چوہدری، ممبر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پلاننگ کمیشن ڈاکٹر ثمر مبارک مند، چیف ایگزیکٹیو آفیسر متبادل توانائی بورڈ عارف الاﺅالدین بھی موجود تھے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو ملک کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ ان کی قیادت کے تحت چیلنجوں کو مواقع میں تبدیل کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ملک میں لوڈشیڈنگ جلد از جلد ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور عوام نے پہلے ہی اس سلسلے میں کچھ بہتری محسوس کی ہے۔ وفد نے وزیراعظم سے اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مون سون بارشوں اور گلیشیئر کے پگھلنے سے دریاﺅں میں پانی کے بہاﺅ میں نمایاں بہتری کے باعث ہائیڈرو پاور جنریشن میں اضافے کے ساتھ صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کا یہ واضح موقف ہے کہ توانائی کے ملکی ذرائع کا فروغ معیشت کی پائیدار بنیادوں کی ترقی کےلئے ضروری ہے کیونکہ تیل پر مبنی توانائی کےلئے فیول آئل کی درآمد کےلئے اربوں ڈالر لاگت آتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ تھرکول منصوبے کی تکمیل کیلئے پر عزم ہیں جس سے مستقل بنیادوں پر توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے توانائی کا سستہ اور مقامی حل ملے گا اور اس سے ملک کو گردشی قرضوں سے چھٹکارا دلانے کے ساتھ ساتھ تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والے اربوں ڈالر کا خطیر زرمبادلہ بچانے میں بھی مدد ملے گی اور یہ رقم عوام کی بھلائی کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جاسکے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تھرکول پاکستان کے خوشحال مستقبل کا راستہ ہے اور وہ اس سے ممکنہ حد تک آگے بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی قیادت میں بجلی کی پیداوار میں کوئلہ سے زیر زمین گیس حاصل کرنے کے منصوبے کا جلد دورہ کریں گے۔ وزیراعظم نے توانائی کے متبادل ذرائع تلاش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا جن کے ملک میں وسیع امکانات موجود ہیں۔ متبادل توانائی بورڈ کے سی ای او عارف علاﺅالدین نے وزیراعظم کو ہوا سے بجلی کی پیداوار کے تین منصوبوں سے متعلق آگاہی دی جو رواں ماہ کے اواخر میں تجرباتی بنیادوں پر کام شروع کردیں گے اور آئندہ برس کے اختتام تک ان سے 4 سو میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس مہینے کے اواخر میں فوجی فرٹیلائزر کےجھمپیر منصوبہ کا دورہ کرکے ہوا سے بجلی کی پیداوار کے تجرباتی کام کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم نے پیدواری اہداف کے حصول کیلئے توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے کی خاطر سرفیس گیسی فائر پلانٹس کی تنصیب پر صنعت کاروں کو سراہا اور کہا کہ اس اقدام سے صنعت کاروں نے حکومت کی معاونت کی ہے کیونکہ بچنے والی بجلی کو گیس کی طلب اور رسد میں فرق کو کم کرنے کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔ وزیراعظم نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ نجی شعبہ بائیوگیس کی مدد سے 2 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار کی جانب تیزی سے پیش رفت کررہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی اس نوعیت کے منصوبوں پر غور کررہی ہیں کیونکہ ان پر بجلی پیدا کرنے کی پابندی نہیں ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے بعد صوبوں کی مالیاتی حیثیت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور وفاقی اکائیوں کو اجتماعی قومی فریضہ کے جذبے کے ساتھ اس ذمہ داری کو بانٹنا چاہیے