|
| روس میں طوفانی بارشوں اورسیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 164ہوگئی ، ملک بھرمیں (آج) یوم سوگ منانے کا اعلان |
Monday, 09 July 2012 12:52:54
روس میں طوفانی بارشوں اورسیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 164ہوگئی ، ملک بھرمیں (آج) یوم سوگ منانے کا اعلان ماسکو ۔ 8 جولائی (اے پی پی) روس کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاک ہونے والے افرادکی تعداد 164ہوگئی جبکہ حکومت نے ملک بھرمیں (آج) پیرکویوم سوگ کے طورپرمنانے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب سے کراسندارریجن کے گلیندزک ، نووروسازک اورکرمسک علاقے سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں۔کراسندار کے علاقے میں آنے والا یہ سیلاب رات کو آیا اور اسے علاقے میں حالیہ تاریخ کا بدترین سیلاب قرار دیا گیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لوگ اپنے گھروں میں محوِ خواب تھے کہ انہیں سیلابی پانی نے آ لیا جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں افراتفری مچ گئی۔کراسندار کے گورنر کا کہنا ہے کہ پانی کی رفتار اور طاقت اتنی زیادہ تھی کہ اس نے سڑکوں کو اکھاڑ دیا۔ حکام کے مطابق اس علاقے میں تیرہ ہزار افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ماسکو سے امدادی ٹیموں کو ہیلی کاپٹرز اور طیاروں کی مدد سے متاثرہ علاقے میں پہنچادیا گیا ہے۔ہلاک ہونے والے 164 افراد میں سے بیشتر کا تعلق بھی کرمسک سے ہی ہے جبکہ اس کے علاوہ بحیر اسود کے کنارے واقع تفریحی مقام گلیندزک سے نو جبکہ ساحلی قصبے نووروسازک سے دو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔سیلاب کے نتیجے میں اب بھی درجنوں افراد لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔سیلاب کے باعث بحیر اسود پر روس کی سب سے بڑی بندرگاہ نووروسازک سے خام تیل کی ترسیل کا عمل بھی معطل ہوگیا ہے۔روسی صدر ولادیمرپیوٹن نے سیلاب اوریوکرائن میں بس حادثہ میں 14زائرین کی ہلاک کے بعد آج پیرکویوم سوگ کے طورپرمنانے کے اعلان کے ساتھ یہ بھی حکم دیا ہے کہ تحقیقات کی جائیں کہ جان بچانے کے حوالے سے امدادی کارروائیوں میں کوئی کوتاہی تو نہیں برتی گئی۔ولادیمیر پوٹن نے اتوارکومتاثرہ علاقے کا فضائی جائزہ بھی لیا اورامدادی سرگرمیاں کی نگرانی کی۔
|
 |
|