Quran | Hadith | Seerat | Columns  | Newspapers  |  Photos   |E-Library |

پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی مقبول ترین جماعت ہے،ملتان کے ضمنی انتخابات میں عبدالقادر گیلانی کی کامیابی واضح پیغام ہے


Friday, 20 July 2012   20:18:09

پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی مقبول ترین جماعت ہے،ملتان کے ضمنی انتخابات میں عبدالقادر گیلانی کی کامیابی واضح پیغام ہے
ملتان کے عوام نے دوسری مرتبہ سرخرو کیا ‘ ضمنی انتخابات میں لوگوں نے سرائیکی صوبہ کے حق میں ووٹ دیا ۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات قمر زمان کائرہ کی پی ٹی وی سے گفتگو
 اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی مقبول ترین جماعت ہے ، ملتان کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ا میدوار عبدالقادر گیلانی کی کامیابی ان لوگوں کیلئے واضح پیغام ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی عوام میں مقبول نہیں رہی،ملتان کے عوام نے دوسری مرتبہ سرخرو کیا ‘ ضمنی انتخابات میں لوگوں نے سرائیکی صوبہ کے حق میں ووٹ دیا ہے۔جمعہ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ ملتان کے حلقہ این اے 151 کے ضمنی انتخابات میں پیپلزپاٹی کی کامیابی آسان جیت نہیں،اس حلقے میں پیپلزپارٹی کا پی ٹی آئی‘مسلم لیگ (ن) اورجماعت اسلامی سمیت تمام جماعتوں سے مقابلہ تھا ۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو آئین کا تحفظ کرنے پرہٹایاگیااور عبدالقادر گیلانی کو انتخابی مہم چلانے کیلئے بہت کم دن ملے تھے ، پنجاب کی حکومت مخالف امیدوار کی بھرپورحمایت کررہی تھی اور پنجاب حکومت نے ایک امیدوار کو کامیاب کرانے کیلئے اپنا امیدوار واپس لے لیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ عبدالقادر گیلانی کی کامیابی آئندہ انتخابات کے حوالے سے مخالفین کیلئے بھی واضح پیغام ہے ‘ اگر سارے مخالفین بھی اکٹھے ہوجائیںتو پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکیںگے۔ قمرزمان کائرہ نے کہاکہ ضمنی انتخابات ایسے تناظر میں ہوئے جب سید یوسف رضاگیلانی کوسپریم کورٹ نے نااہل قراردیا تھا اوران کے دوسرے بیٹے کے وارنٹ جاری کئے گئے تھے تاہم اس کے باوجود پیپلزپارٹی کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے، اگریہ صورتحاک نہ ہوتی تو آج نتائج اس سے بھی مختف ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں ملتان کے عوام نے دوسری مرتبہ سرخرو کیا ہے ‘ جب سابق وزیراعظم کے خلاف عدالتی فیصلہ آیا تو ملتان کے عوام نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا اورآج دوسری مرتبہ ملتان کے عوام نے پی پی پی کو عزت بخشی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کے ضمنی انتخابات میں لوگوں نے سرائیکی صوبہ کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مخالفین ہمارے خلاف مہم چلارہے ہیں کہ پیپلزپارٹی عوام میں مقبولیت کھوچکی ہے ،یہ بھی کہاجارہاتھا کہ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کوسپریم کورٹ نے نااہل قراردیدیا ہے اور آئندہ 25 جولائی کو بھی کچھ ہونے والا ہے اس کے باوجود لوگوں کا پیپلزپارٹی کی حمایت میں کھڑے ہونے کامطلب ہے کہ پیپلزپارٹی روایات کے مطابق عوام میں کھڑی ہے اورلوگوں نے پروپیگنڈے کا شکار ہوئے بغیر اس کا ساتھ دیا ہے اورآئندہ بھی پیپلزپارٹی کا ساتھ دینگے۔