اھم خبریں

وزیراعظم نواز شریف کی لی کی کیانگ کو دورہ پاکستان کی دعوت

وزیراعظم نواز شریف کی لی کی کیانگ کو دورہ پاکستان کی دعوت

وزیراعظم محمد نواز شریف نے چین کے وزیراعظم کو پیرس میں وزیراعظم مودی کے ساتھ اپنی ملاقات اور سشما سوراج کے اسلام آباد کے دورے کے بارے میں آگاہ کیا،
چنگ ژو ۔ 15 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ سے ملاقات کے دوران چین کے وزیراعظم کو پیرس میں بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی ملاقات اور بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج کے اسلام آباد کے دورے کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ اس سلسلے کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے جامع دوطرفہ مذاکراتی عمل کے دوبارہ آغاز پر اتفاق کیا ہے جو کہ ایک خوش آئند قدم اور پیشرفت ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستانہ وفود کا سال منا رہے ہیں اور آئندہ سال دوطرفہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 65 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عوام کی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل ممبر شپ کے لئے چین کی طرف سے پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ چین کے وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین کے گہرے تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی حمایت کرتا ہے اور مستقبل میں مزید مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے چین کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ دورہ کی تاریخوں کو باہمی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی۔ بعد ازاں وزیراعظم چین کے دو روزہ سرکاری دورہ کے بعد اسلام آباد روانہ ہوگئے۔