ابوظبی۔(ملت آن لائن)متحدہ عرب امارات کے محکمہ شہریت و قومی شناخت نے کہا ہے کہ 6ماہ کیلئے جاری کیا جانے والا اقامہ عارضی ہوتا ہے اور یہ ملک سے نکلتے ہی ختم ہو جائیگا۔ متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے جاری کردہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ 6ماہ کیلئے جاری کیا جانے والا اقامہ عارضی ہوتا ہے یہ مکمل اقامہ شمار نہیں ہوتا۔ ششماہی اقامہ امارات چھوڑتے ہی ختم ہو جاتا ہے۔ یہ اقامہ رکھنے والے کو وہ حقوق اور مراعات نہیں ملتیں جو سرکاری یا نجی ادارے کی زیرکفالت کارکنان کو حاصل ہوتی ہیں۔ شہریت و قومی شناخت کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر سعید الراشدی کا کہنا ہےکہ عارضی اقامہ دراصل ان غیر قانونی تارکین کو دیا جاتا ہے جو سرکاری رعایت “غیر قانونی حالت کو تبدیل کر کے اپنا تحفظ کرو” سے فائدہ اٹھا کرامارات میں قیام کرنا چاہتے ہیں اور وہاں رہ کر قانون کے دائرے میں باقاعدہ ملازمت حاصل کرنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے مذکورہ رعایت کے تحت ایسے لوگوں کو جرمانوں اور قانونی گرفت سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت امارات چاہتی ہے کہ یہ لوگ اپنے غیر قانونی قیام کو قانون کے دائرے میں لے آئیں اور مقامی قانون کے تحت کفالہ کے تقاضے پورے کر لیں۔ الراشدی نے کہاکہ اگر کسی شخص نے مذکورہ اقامہ حاصل کیا ہو اوروہ امارات سے نکل رہا ہو تو اسے واپس آنے کی صورت میں نیا ویزہ نکلوانا ہو گا۔ واپس آنے کیلئے اس کے سامنے دو راستے ہیں یا تو وہ نئے کفیل سے ویزا جاری کرا لے یا کفیل نہ ملنے کی صورت میں سیاحتی ویزا حاصل کر لے۔