خبرنامہ

سعودی عرب اور مصر نے قطر کو کسی قسم کی رعایتیں نہ دینے پر اتفاق کرلیا

قاہرہ:(ملت آن لائن) سعودی عرب اور مصر نے قطر کو کسی قسم کی رعایتیں نہ دینے پر اتفاق کرلیا، ایران کی خطے کے ممالک کے داخلی امور میں مداخلت سے نمٹنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب اور مصر نے قطر کو کسی قسم کی رعایتیں نہ دینے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک کے لیڈروں نے کہا کہ اگر قطرعرب خلیجی ممالک کی پیش کردہ شرائط کو پورا کرے تو اس کے ساتھ مصالحت ہوسکتی ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قاہرہ میں واقع اتحادیہ صدارتی محل میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی اور ان سے دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں لیڈروں نے کہا کہ مصر اور سعودی عرب خطے کے ممالک کے داخلی امور میں ایران کی مداخلت کا مقابلہ کرتے رہیں گے، صدرالسیسی نے کہا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ایک خط بھیجا ہے اور اس میں خلیج کی سیکیورٹی کے لیے مصر کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سعودی ولی عہد اور مصری صدر کی ملاقات میں مصر اور سعودی عرب کے درمیان طے شدہ سمجھوتوں پر عمل درآمد پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد گزشتہ شب خطے کے ملکوں کے دورے کے تیسرے مرحلے میں قاہرہ پہنچے تھے، صدر الیسی نے ان کا استقبال کیا تھا، اس سے قبل سعودی ولی عہد نے بحرین اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔

شہزادہ محمد بن سلمان ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں اسی ماہ جی 20 کے سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، اجلاس میں امریکا، ترکی اور بعض یورپی ممالک کے لیڈر شرکت کریں گے۔