خبرنامہ بلوچستان

آئندہ سال کوئٹہ کے حاجیوں کو براہ راست جدہ پہنچانے کا انتظام کیا جائے گا،وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری نے بتایا ہے کہ آئندہ سال کوئٹہ کے حاجیوں کو براہ راست جدہ پہنچانے کا انتظام کیا جائے گا، اسی طرح نزدیک ترین مقامات پر مکاتب حاصل کرنے اور ایئرلائن کے مسائل حل کرنے کے لئے بھی سعودی حکام کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شمیم آراء پنور کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج پالیسی 2019ء کی تشکیل کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ کہ فی حاجی کتنی رقم وصول کی جائے گی‘ یہ فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ جملہ فریقین بشمول نامزد ایئرلائن کے ساتھ مشاورت کے بعد اس کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا اور معزز ایوان کو اس حوالے سے آگاہ کردیا جائے گا۔ شاہدہ اختر علی کے سوال کے جواب میں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ نزدیک ترین مقامات پر مکاتب حاصل کرنے کے لئے بات چیت جاری ہے۔ ایئرلائن کے مسائل حل کرنے کے لئے بھی سعودی سول ایوی ایشن کے ساتھ بات کی جائے گی۔ مولانا بدالواسع کے ضمنی سوال کے جواب میں نور الحق قادری نے کہا کہ رواں سال کوئٹہ کے حاجیوں کو درپیش مشکلات پر انہیں بہت تکلیف ہوئی۔ آئندہ سال کوئٹہ سے براہ راست جدہ تک حج پروازیں چلائی جائیں گی۔