خبرنامہ بلوچستان

تھر میں غذائی کمی و دیگر امراض کے باعث مزید 4 بچے لقمہ اجل بن گئے

تھر پارکر:(ملت آن لائن) صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے تھرپارکر میں غذائی کمی اور دیگر امراض کے باعث مزید 4 بچے لقمہ اجل بن گئے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سول اسپتال مٹھی میں غذائی کمی و دیگر امراض کا شکار 4 بچوں کا انتقال ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ نومبر کے ابتدائی 3 دنوں میں 7 بچوں کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ رواں برس غذائی کمی و دیگر امراض کے باعث 527 سے زائد بچے دم توڑ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے رواں برس اگست میں تھر کو قحط زدہ قرار دے کر امدادی اقدامات کے لیے سروے کرایا تھا۔

خوراک کی کمی تھر کے باشندوں کا سب سے بڑا مسئلہ رہا ہے۔ ان کا ذریعہ معاش بھیڑ بکریاں اور گائے بیل ہیں، جنہیں فروخت کر کے وہ اپنی گزر بسر کا سامان کرتے ہیں۔

تاہم بھوک اور پیاس نے یہاں کے باسیوں کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے اور کئی دیہات انسانوں سے خالی ہو چکے ہیں۔