خبرنامہ

پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کے لئے استعمال کئے جانیوالے کیمیکل صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں، ماہرین صحت

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کے لئے استعمال کئے جانیوالے کیمیکل صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں، عمومی طورپر جو کیمیکل استعمال کئے جاتے ہیں اس میں کیلشیم، کاربائیڈ، آرسینک اور فاسفورس وغیرہ شامل ہیں جن پر دنیا کے کئی ممالک میں پابندی عائد ہے تاہم یہاں پر پھلوں اور سبزیوں میں ان کا استعمال عام ہے جو کہ انتہائی مضر ہے۔ ایک سرکاری ہسپتال کے ماہر غذائیت ڈاکٹر احسن اکرم نے ’’ملت‘‘ کو بتایاکہ یہ کیمیکل پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں، اس کے مضراثرات صحت پر پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پھلداردرختوں آم ، کیلا ، سیب سمیت دیگر کی نشونما کے لئے بھی مختلف قسم کے ہارمونز اور سلفر کا استعمال کیا جاتا ہے جو انسانی زندگی کے لئے خطرہ ہیں۔ ایک مقامی ہسپتال کی فزیشن ڈاکٹر تسنیم اختر نے بتایاکہ ان کیمیکلز کے نتیجے میں کینسر، گردوں اور معدے کی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کیمیکلز کے استعمال کی روک تھام کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں دستیاب دودھ، دہی اور دیگراشیائے خوردونوش بھی خالص نہیں جبکہ اب پھلوں اور سبزیوں میں کیمیکلز کا استعمال بڑھنے لگا ہے۔ ایک خاتون ثمینہ چوہدری نے کہاکہ عوام کس پر اعتماد کریں، جب اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ ہو تو پھر کیا کھایا جائے۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوراک میں کیمیکلز کے استعمال کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کریں۔