خبرنامہ

ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا غریب مریضوں کی مالی اعانت کا فیصلہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام نے ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہونے والے غریب مریضوں کی مالی اعانت کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی مالی معاونت کا فیصلہ کیا ہے۔

مالی اعانت کا پیکج ایڈز کے رجسٹرڈ اور مستحق مریضوں کو دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈز کے مستحق مریضوں کو ماہانہ راشن فراہم کیا جائے گا، جب کہ انھیں تعلیم کے حصول کے سلسلے میں بھی الاؤنس دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایڈز میں مبتلا غریب مریضوں کو آٹا، دالیں، چاول، تیل، چینی پرمشتمل فوڈ پیکٹ دیا جائے گا، یہ فوڈ پیکٹ اڑھائی ہزار روپے مالیت کا ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیکج کے تحت مریضوں کے بچوں کے لیے تعلیمی اخراجات دیے جائیں گے، ان اخراجات میں زیرِ تعلیم بچوں کی تعلیمی و ٹرانسپورٹ فیس شامل ہوگی۔

سربراہ ایڈز پروگرام ڈاکٹر بصیر اچکزئی نے کہا کہ ملک میں ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 25 ہزار ہے، مالی معاونت کا فیصلہ ایڈز کے مریضوں کو علاج پر مائل کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ تین ماہ قبل نیشنل ہیلتھ سروسز نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ملک میں ڈیڑھ لاکھ افراد ایڈز میں مبتلا ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایڈز سے سب سے زیادہ افراد پنجاب میں متاثر ہیں جہاں مریضوں کی تعداد 75 ہزار تک ہے، سندھ کا نمبر دوسرا ہے جہاں 60 ہزار مریض زیرِ علاج ہیں، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد پندرہ پندرہ ہزار ہے۔