کون نہیں چاہتا کہ اس کی جلد صاف اور چمکتی ہوئی ہو؟
لیکن میک اپ کے بغیر کسی جلد کا صاف اور چمکتا ہوا نظر آنا صرف تب ہی ممکن ہے جب یہ صحت مند ہوگی۔
اور کیا آپ جانتے ہیں کہ اپنی جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے آپ کو مہنگے پروڈکٹس کی ہی ضرورت نہیں بلکہ ایسی کئی قدرتی چیزیں ہیں جن کے استعمال سے آپ جلد کے کئی مسائل حل کرسکتے ہیں۔
صحت مند اور صاف ستھری جلد کے لیے آپ کے کچن میں بھی کئی چیزیں موجود ہیں، ان میں سب سے اہم ٹماٹر ہیں۔
ٹماٹروں کو جلد کے لیے سپر فوڈ کا نام دیا جاتا ہے جن میں وٹامن سی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔
اس پھل میں لائپوسین نامی کیمیکل کمپاؤنڈ بھی موجود ہوتا ہے، جو ٹماٹر کو سرخ رنگ دیتا ہے۔
لائپوسین ایک ایسا کیمیکل کمپاؤنڈ ہے جو آپ کی جلد کی صحت کا بھی خیال رکھتا ہے۔
جلد کے لیے ٹماٹر کا سب سے بہترین استعمال یہی ہے کہ روزانہ ایک ٹماٹر کھایا جائے، جبکہ اسے جلد پر بھی لگایا جائے۔
یہاں چند ایسی وجوہات بیان کی گئی ہیں جو ٹماٹر کو صحت مند جلد کے لیے بہترین پھل قرار دیتی ہیں:
1- اگر آپ کی جلد پر کھلے مسام ہیں تو ٹماٹر کا جوس پینے کے ساتھ ساتھ اسے اپنی جلد پر بھی لگائیں، جب ٹماٹر کے جوس کو جلد پر لگایا جاتا ہے، تو یہ بہترین ہتھیار کے طور پر کام کرتا ہے، ایک چائے کے چمچ ٹماٹر کے جوس کو لیموں کے رس کے 5 قطروں کے ساتھ ملائیں اور چہرے پر لگائیں۔ نیم گرم پانی سے چہرے کو دھو لیں تاکہ کھلے مساموں سے نجات مل سکے۔
2- کیل مہاسوں سے نجات کے لیے ٹماٹر کے ٹکڑوں کو ان پر رکھیں اور اس مسئلے سے نجات حاصل کریں۔
3- ٹماٹر میں وٹامن سی کی موجودگی اسے جلد کی صفائی کا بھی بہترین ذریعہ بناتی ہے، ٹماٹر کو اپنے چہرے پر رگڑیں اور بہترین نتائج پائیں۔
4- کئی تحقیقات کے مطابق ٹماٹر قدرتی سن اسکرین کے طور پر بھی کام کرتے ہیں، جس کی وجہ ان میں موجود لائپوسین ہے جو جلد کو بالائے بنفشی شعاؤں سے آنے والی سخت اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔
5- ٹماٹر میں موجود وٹامن سی کی وجہ سے آپ کی جلد جوان نظر آسکتی ہے، اس لیے ٹماٹر کھانے کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے۔
6- ٹماٹر کھانے سے جلد میں نمی بھی برقرار رہتی ہے، جو جھریوں کی روک تھام کیلئے بہترین ہے۔
7- وٹامن اے اور وٹامن سی کی وجہ سے جلد پر موجود دانے بھی ٹماٹر کی مدد سے صاف ہوسکتے ہیں۔