خبرنامہ

ٹھپہ مافیا کا راستہ بند ہو جائے گا، فرخ حبیب، ہمارے مخالف کمزور پہلوان ہیں،فواد چوہدری

سینیٹ انتخابات: تحریک

ٹھپہ مافیا کا راستہ بند ہو جائے گا، فرخ حبیب، ہمارے مخالف کمزور پہلوان ہیں،فواد چوہدری

وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ای وی ایم کے ذریعے صاف شفاف انتخابات کی بنیاد رکھی جائے گی۔ٹھپہ مافیا جو دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتا تھا اس کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہوجائے گا۔

ادھر وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں ای وی ایم، انتخابی اصلاحات بل سمیت اہم بلوں کی منظوری پر قوم بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے مخالف کمزور پہلوان ہیں‘ حکومت کوہرانا ان کے بس میں نہیں‘ پی ڈی ایم میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل تیز ہوگیاہے ‘ آج سے ووٹنگ کا پرانا نظام ختم ہو گیا ہے‘ آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہوں گے

انتخابی اصلاحات پر بدقسمتی سے اپوزیشن کا رویہ منفی رہا، پارلیمان میں 70 بلوں کی منظوری پر اپوزیشن کو ستر مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا، اپوزیشن کو آج کی شکست طویل عرصے تک یاد رہے گی

اپوزیشن سیاسی بونوں کے اتحاد میں جمع ہے جس کا نام پی ڈی ایم ہے، مارشل لاء کی گود میں پرورش پانے والوں کی سیاست ہمیشہ دوسروں کے کندھوں پر رہی ہے، نواز شریف اینڈ کمپنی نے ساری زندگی کرکٹ بھی اپنے ایمپائروں کے بغیر نہیں کھیلی، صبح ہی بتا دیا تھا کہ بلاول اور شہباز شریف شکست خوردہ لوگ ہیں، اپوزیشن اس وقت مایوسی کا شکار ہے، ان کی مایوسیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں قیادت کا انحطاط ہے، یہ سیاسی بونے ایک ایسے اتحاد میں جمع ہیں جس کا نام پی ڈی ایم ہے، یہ سارے اس وقت مایوسی کے عالم میں ہیں، ان کی مایوسیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔