خبرنامہ

کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہی ہو گا،میر واعظ عمر فاروق

اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتا ہے لیکن کشمیری عوام کی آواز کو طاقت کے بل بوتے پر نہیں دبایا جا سکتا، آزادی کی تحریک کو جاری رکھا جائے گا، کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہی ہو گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ بھارت کی مقبوضہ وادی میں موجود نام نہاد تنظیمیں بھی گذشتہ پندرہ بیس روز سے غائب ہیں اور کشمیری نوجوانوں کا سامنا تک نہیں کر رہیں، مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے ظلم و بربریت اور تشدد کے خلاف بھارت میں بھی آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں، ایک سوال کے جواب میں میر واعظ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور پیلٹ گنوں کی مدد سے کشمیری نوجوانوں کو اندھا کیا جا رہا ہے، بھارتی افواج کے پیلٹ گنوں سے کیے جانے والے حملوں سے گذشتہ دس سے پندرہ روز میں 1500 سے 2000 نوجوان متاثر ہوئے ہیں جن میں سے ڈیڑھ سو سے زائد کی آنکھوں کے آپریشن ہو چکے ہیں جبکہ پچاس سے زائد نوجوانوں کی آنکھوں کی بینائی ختم کر دی گئی ہے، بھارت کی اس بربریت اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر عالمی برادری اورانسانی حقوق کی تنظیموں کو خاموش نہیں رہنا چاہیے اور اپنا کردار ادا کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو رکوانا چاہیے، جنوبی کشمیر سے ہمارا رابطہ تو ہو نہیں رہا کیونکہ وہاں بھارت نے مواصلاتی نظام کو مکمل طور پر بند کر دیا ہوا ہے جہاں بھارت ظلم کی انتہا کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیر کی آزادی کی تحریک گذشتہ 70 سال سے جاری ہے جو کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔