خبرنامہ

ہفتہ وار مہنگائی میں مزید اضافہ، 17.37 فیصد ہوگئی، ڈالر 178 کے قریب پہنچ گیا

ہفتہ وار مہنگائی میں مزید اضافہ، 17.37 فیصد ہوگئی، ڈالر 178 کے قریب پہنچ گیا

ہفتہ وار مہنگائی میں مزید اضافہ، 17.37 فیصدہوگئی،ٹماٹر، خوردنی تیل، گھی، انڈے، آلو، پیاز، کیلے سمیت 30اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، چینی ، آٹا،دال، لہسن کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، ڈالر 178کے قریب پہنچ گیا، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 1.70،اوپن مارکیٹ میں 1.50روپے بڑھی۔

پاکستان بیورو آف شماریات کے ہفتہ وار جاری حساس اعشاریوں ( ایس پی آئی) کے مطابق 51اشیاءکے جائزے میں 6اشیاء کی قیمتوں میں کمی ، 15اشیاء کی قیمتوں میں استحکام اور 30اشیاء مہنگی ہوئی ، رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں ٹماٹر کی قیمت میں 18.70فیصد ، ڈیزل 6.04فیصد ، پیٹرول 5.78فیصد ، خوردنی تیل 4.27فیصد ، گھی کی قیمت میں 3.28فیصد ، کیلے 3.04فیصد ، انڈے 1.82فیصد ، بریڈ 2.84فیصد ، آلو 1.77فیصد ، بجلی 2.74فیصد ، پیاز 1.51فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمت میں 1.21فیصد اضافہ ہوا۔

چینی کی قیمت میں 9.35فیصد کمی ہوئی، آٹا کی قیمت میں 0.26فیصد کمی ہوئی جبکہ دال ماش ، دال چنا،دال مونگ اور لہسن کی قیمت میں بھی کمی ہوئی ، گزشتہ سال اس ہفتے کے مقابلے میں جن اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

ان میں گھی 53.29فیصد ، خوردنی تیل 49.24فیصد ، سرسوں کا تیل 54.71فیصد ، سرخ مرچ 33.43فیصد ، بجلی کی قیمت میں 75.32فیصد، ایل پی جی 74.82فیصد ، پیٹرول کی قیمت میں 41.94فیصد اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 37.78فیصد اضافہ ہوا جبکہ پیاز کی قیمت میں 40.40فیصد کمی ہوئی ، دال مونگ 30.50فیصد ، آلو 19.64فیصد، چینی کی قیمت میں2.22فیصد اور دال ماش کی قیمت میں 1.50فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔

دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں آئی ایم ایف معاہدے میں مسلسل تاخیر سے روپے کی قدر گرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا ، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں مزید1.70روپے اور اوپن مارکیٹ میں1.50روپے کا نمایاں اضافہ ،انٹر بینک میں ڈالر 175.80 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 177.80 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ،یورو اور پاونڈ کی قیمت بھی بڑھ گئی۔

فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو بھی ڈالر کی طلب میں اضافے کے سبب انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 1.70 روپے کے اضافے سے 174.00 روپے سے بڑھ کر 175.70 روپے اور قیمت فروخت 1.60 روپے کے اضافے سے 174.20 روپے سے بڑھ کر 175.80 روپے ہو گئی۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں 1.50 روپے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 175.80 روپے سے بڑھ کر 177.30 روپے اور قیمت فروخت 176.30 روپے سے بڑھ کر 177.80 روپے ہو گئی ،فاریکس مارکیٹ ذرائع کے مطابق ڈالر کی طلب میں اچانک اضافے سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قلت ہے جس کی وجہ سے ڈالر ایک موقع پر 178 سے بھی زیادہ قیمت میں ٹریڈ ہوتا رہا۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق یوروکی قیمت خرید 1.50 روپے کے اضافے سے 199.50 روپے سے بڑھ کر 201.00 روپے اور قیمت فروخت ایک روپے کے اضافے سے 202.00 روپے سے بڑھ کر 203.00 روپے ہو گئی ، برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید بھی ایک روپے کے اضافے سے 234.00 روپے سے بڑھ کر 235.00 روپے اور قیمت فروخت 1.50 روپے کے اضافے سے 236.50 روپے سے بڑھ کر 238.00 روپے ہو گئی ۔