پیرس:(ملت آن لائن) فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون نے ملک بھر میں جاری حکومت مخالف مظاہرین سے مذاکرات کے لیے وزیراعظم کو ٹاسک دے دیا۔
حکومت کی جانب سے عائد ٹیکسز کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج دارالحکومت پیرس تک پہنچ گیا جہاں گزشتہ روز مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے دوران کئی افراد زخمی ہوگئے۔
دارالحکومت میدان جنگ بنا تو صدر ایمانیول میکرون نے ہنگامی اجلاس طلب کیا، صدارتی ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے وزیراعظم ڈوارڈ فلپ کو سیاسی رہنماؤں اور مظاہرین سے مذاکرات کا حکم دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر میکرون نے وزیر داخلہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ مستقبل میں کسی بھی احتجاج سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو تیار رکھیں۔
صدارتی ہاؤس کے ذرائع کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ صدر میکرون قوم سے خطاب نہیں کریں گے اور ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق اجلاس میں تجویز پر بات چیت بھی نہیں ہوئی۔
دارالحکومت پیرس میں ہونے والے ہنگاموں کو اس دہائی کے بدترین مظاہرے قرار دیے جارہے ہیں جس میں سینکڑوں افراد زخمی اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی گئی ہے۔
فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے کہ منگل کو سینیٹ میں ٹیکس کے خلاف احتجاج کے پرتشدد صورتحال اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا اور اسے روکنے کے لیے اقدامات اور نقصانات سے متعلق بھی بریف کیا جائے گا۔